واشنگٹن :امریکہ نے کہا ہے کہ پاک بھارت سرحد پرحملوں کے واقعات سے آگاہ ہیں ایک کیس کی تحقیقات شروع کی جار ہی ہیں جس کا احترام کرتے ہیں۔ہفتہ وار بریفنگ کے دور ان ترجمان امریکی محکمہ خا رجہ نے کہاکہ پاکستان اوربھارت تعلقات کی بہتری کےلئے بات چیت کریں۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ جان کربی کے مطابق امریکہ پاک بھارت سرحد پرحملوں کے واقعات سے آگاہ ہے اور ایسے میں حملوں کے واقعات کے کسی ایک پہلو پربات کرنامناسب نہیں ہوگا۔جان کربی نے کہاکہ مقامی حکام ان واقعات سے نمٹ رہے ہیں اور کم ازکم ایک واقعہ کی تحقیقات شروع کی جارہی ہیں تحقیقاتی عمل کااحترام کرتے ہیں۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ خطے میں انتہا پسندی کے خطرے کاذکرکرتے رہے ہیں اور اس خطرے سے دونوں اطراف کے لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔جان کربی نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان اوربھارت تعلقات کی بہتری کےلئے بات چیت کریں اور مذاکرات کے ذریعے خطرات سے نمٹنے کی مشترکہ کوششوں اورروابط کوبڑھایا جائے۔