شام میں فوجی قافلے پر اسرائیلی لڑاکاطیاروں کا حملہ

شام میں فوجی قافلے پر اسرائیلی لڑاکاطیاروں کا حملہ

دمشق :شام میں دمشق،بیروت شاہراہ پر حزب اللہ کے لئے اسلحہ لیجانے والے قافلے اور دمشق میں فوجی اہمیت کے ایک مرکز پر اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے حملہ کیاہے ۔دوسری جانب صہیونی ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے شام پر متعدد فضائی حملے کئے۔

منگل اور بدھ کی درمیانی شب کئے جانے والے ان حملوں میں شامی فوج کے بعض ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔غیرملکی خبرررساں ادارے کے مطابق نشانہ بنائے جانے والے اہداف دمشق میں واقع تھے اور شام میں بشار الاسد کے بچاو¿ کے لئے سرگرم لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے لئے اسلحہ لیجانے والا قافلہ بھی اسرائیلی بمباری کا نشانہ بنا۔
تاہم اسرائیلی فوج نے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے ذریعے حملے سے متعلق سامنے آنے والے اطلاعات پر تبصرہ سے انکار کر دیا ہے۔شامی حکومت کے ہمنوا ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ دمشق میں نشانہ بنائے جانے والے ہدف کو اسرائیل نے لبنانی فضائی حدود سے تباہ کیا اور مقامی وقت کے مطابق یہ جملہ شب سوا ایک بجے کیا گیا جس سے زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
شام کی سرکاری نیوز ایجنسی نے کسی بھی فضائی حملے سے متعلق خبر جاری نہیں کی۔شامی بحران کے آغاز سے اسرائیل جنگ زدہ علاقوں میں متعدد فضائی حملے کر چکا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے امسال اپریل میں بتایا تھا کہ اسرائیل نے شام میں فضائی حملے کئے ہیں جن کا مقصد حزب اللہ کا جدید ترین اسلحہ حاصل کرنے سے باز رکھنا تھا۔