مسلم مخالف ویڈیو ری ٹوئیٹ کرنے پر ٹرمپ مشکل میں پھنس گئے

مسلم مخالف ویڈیو ری ٹوئیٹ کرنے پر ٹرمپ مشکل میں پھنس گئے

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر مسلم مخالف ویڈیوز پوسٹ کرنے پر شدید تنقید کی زد میں آگئے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر اکاونٹ سے مسلم مخالف 3 وڈیوز ری ٹوئیٹ کی گئیں۔ یہ ویڈیوز ابتدائی طور پر برطانیہ کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت بریٹن فرسٹ کی نائب سربراہ جیدا فرینسن کی جانب سے شیئر کی گئی تھیں جنہیں ٹرمپ نے اپنے اکاونٹ سے دوبارہ شیئر کیا۔ان وڈیوز میں مبینہ طور پر مسلمان افراد کو تشدد کرتے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیوز شیئر کرنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔
ٹرمپ کی اس حرکت پر برطانوی حکومت نے بھی مذمت کی ہے اور برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے مسلم مخالف ویڈیوز کی ٹوئیٹ کو اپنے اکاونٹ سے دوبارہ شیئر کرکے غلطی کی۔
ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک لڑکا مبینہ طور پر ڈچ لڑکے کو زدوکوب کر رہا ہے۔دوسری ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک مجمع مبینہ طور پر ایک نوجوان کو چھت سے دھکا دے رہا ہے جب کہ تیسری ویڈیو میں مبینہ طور پر ایک شخص کو مجسمہ توڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔