پنجاب حکومت کا عید میلاد النبیؓ تقریبات سرکاری طور پر منانے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا عید میلاد النبیؓ تقریبات سرکاری طور پر منانے کا فیصلہ

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں عید میلاد النبیؓ کی تقریبات کو سرکاری طور پر بھرپور اور شاندار طریقے سے منانے کا فیصلہ کر تے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے کہا ہے کہ عمارتوں پر چراغاں کیا جائیگا، قانون نافذ کرنیوالے ادارے چوکس رہیں، امن سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ۔

عید میلاد النبیؓ کے حوالے سے وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں عید میلاد النبیؓ کے حوالے سے تقریبات کے انتظامات اور امن عامہ کے لئے سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب حکومت مذہبی خوش و خروش اور عقیدت و احترام سے عید میلاد النبیؓ کی تقریبات منائے گی۔ مساجد، مزاروں اور عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا۔وزیراعلی نے ہدایت کی کہ عید میلاد النبیؓ کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں۔ عوام کے جان ومال کے تحفظ اورقیام ا من سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی ۔ بعد ازاں ایک بیان میں انہوں نے کہا نفاق اور اختلافات سے قومیں اور معاشرے آگے نہیں بڑھتے ۔

پاکستان ہماری شناخت ہے ، ملک کو باہمی اتحاد سے ہی مضبوط بنایا جا سکتا ہے ، ملک کسی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ حکومت نے ملک کو ترقی کی منزل سے ہمکنار کرنے کے لئے انتھک محنت اور جدوجہد کی ہے ، تمام تر توانائیاں ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے صرف کر رہے ہیں۔