دھرنے میں ہلاکتوں کی ذمہ دار حکومت ہے، وزیر داخلہ فوری استعفیٰ دیں، شیخ رشید

دھرنے میں ہلاکتوں کی ذمہ دار حکومت ہے، وزیر داخلہ فوری استعفیٰ دیں، شیخ رشید

اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اسلام آباد دھرنے کی تمام ہلاکتوں کی ذمہ دار حکومت ہے جبکہ دھرنے میں جاں بحق ہونے والوں کی درست تعداد نہیں بتائی گئی نہ ہی ان کی میڈیکل رپورٹ دی گئی، ان کی میڈیکل رپورٹ منظر عام پر لائی جائے اور وزیر داخلہ احسن اقبال سے فوری طور پر استعفیٰ لیا جائے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے ہسپتالوں میں الرٹ کے باوجود انتظامات نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ جن کے گھروں سے جنازے اٹھے وہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماوں کا منہ بھی نہیں دیکھنا چاہتے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ انہوں نے مزید کہا کہ دھرنے والوں سے معاہدہ پہلے دن بھی ہو سکتا تھا۔فوج کی مداخلت کے بعد حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان ہونے والے معاہدے کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ معاہدہ کیا ہوا کیا نہیں یہ بعد کی بات ہے،لوگوں نے فوج پر اعتماد کا اظہار کیا۔
7 بی اور7سی کی ترمیم کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کسی نے اس ترمیم کا مطالبہ نہیں کیا تھا اور میں نے جب اس ترمیم کے بارے میں لوگوں کو بتایا میرا مذاق اڑایا گیا۔شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ اسلام آباد دھرنے کے بعد ہونے والے آپریشن میں ان کے حلقے میں 4 لوگ جاں بحق ہوئے تھے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں خانہ جنگی نہیں چاہتا لیکن گستاخ رسول صلیٰ اللہ علیہ وسلم کے لیے ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے۔