تحریک انصاف نے بیگم کلثوم کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا

تحریک انصاف نے بیگم کلثوم کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے حلقہ این اے 120سے رکن اسمبلی منتخب ہونے کے باوجود حلف نہ اٹھانے پر بیگم کلثوم نواز کیخلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے خط لکھا جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ”27ستمبر کو الیکشن کمیشن نے کلثوم نواز کی جیت کا نوٹیفکیشن جاری کیا اور یہ قانونی ضرورت ہے کہ جیتنے والا امیدوار قومی اسمبلی میں حلف بھی اٹھائے ، کلثوم نواز کی جیت کے بعد سے اب تک قومی اسمبلی کے تین جوائنٹ سیشن ہوچکے ہیں جبکہ چوتھا صدر مملکت نے طلب کررکھاہے ، کلثوم نوازحلف نہ اٹھا کر قانونی ضرورت پوری نہیں کرسکی اور حلقہ 120کے عوام نمائندگی نہ ہونے کی وجہ سے مایوس ہیں۔
تحریک انصاف کے ترجمان نے سوال اٹھایا ہے کہ الیکشن میں جیت کے بعد کتنے عرصے تک ایک امیدوار کی حلف برداری موخر کی جاسکتی ہے؟ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ عام انتخابات میں جیت کے بعد خود تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لفٹر سے گر کر ہسپتال میں زیرعلاج رہنے کی وجہ سے ایک ماہ بعد حلف اٹھایا تھا۔