'ڈالر میں اضافہ ثبوت ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط مان لیں'

'ڈالر میں اضافہ ثبوت ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط مان لیں'
کیپشن: فریبی اور جعلی حکومت کا راتوں رات ایک اور بڑا ڈاکہ اور قوم سے دھوکہ سامنے آ گیا، مریم اورنگزیب۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ کی شرائط مان لیں۔

ڈالر کی قیمت میں اضافے کے بعد اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کر لیا اور عوام سے جھوٹ بولا۔ عوام کو بتایا جائے کہ کن شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر خزانہ اسد عمر نے 100 دن کی تقریب میں گزشتہ روز جھوٹ بولا اور قوم کو دھوکہ دیا۔ فریبی اور جعلی حکومت کا راتوں رات ایک اور بڑا ڈاکہ اور قوم سے دھوکہ سامنے آ گیا۔

ترجمان مسلم (ن) کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قدر میں اضافے سے بدترین مہنگائی آئے گی اور قوم سے جھوٹ بولنے اور دھوکہ دہی پر عمران حکومت مستعفی ہو۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ثابت ہو گیا کہ حکومت چلانا اور قوم کے مسائل کا حل کرنا عمران حکومت کے بس کی بات نہیں۔ وقت اور حالات گواہی دے رہے ہیں کہ انڈے مرغی کی سرکار نہیں چلے گی۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ کٹے، مرغیوں اور انڈوں سے معیشت ٹھیک کرنے کا فارمولا دینے والے سے یہی توقع کی جا سکتی ہے۔