اسٹیٹ بینک کی مداخلت، امریکی ڈالر 142 سے 138 روپے پر آ گیا

اسٹیٹ بینک کی مداخلت، امریکی ڈالر 142 سے 138 روپے پر آ گیا
کیپشن: اسٹیٹ بینک نے کمرشل بینکوں سے رابطے کر کے صرف حقیقی خریداروں کو ڈالر فروخت کرنے کے احکامات جاری کیے۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: انٹر بینک میں ڈالر دوران ٹریڈنگ تاریخ کی بلند ترین سطح 142 روپے کو چھو گیا مگر مرکزی بینک کی مداخلت سے ڈالر 138 روپے 50 پیسے کا ہو گیا۔کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹر بینک میں ڈالر 8 روپے اضافے سے تاریخ کی بلند ترین سطح 142 روپے پر ٹریڈ کرنے لگا۔

ذرائع کے مطابق ڈالر کی بڑھتی قیمت کو دیکھتے ہوئے اسٹیٹ بینک نے کمرشل بینکوں سے رابطے کر کے صرف حقیقی خریداروں کو ڈالر فروخت کرنے کے احکامات جاری کیے جس سے ڈالر 142 روپے سے نیچے آ کر 138 روپے 50 پیسے کا ہو گیا مگر ڈالر جمعرات کے حساب سے اب بھی ساڑے 4 روپے مہنگا ہو چکا ہے۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق تجارتی خسارہ اور قرض و سود کی ادائیگیوں کے باعث ہر ہفتے زرمبادلہ کے ذخائر میں اوسط 200 ملین ڈالر کی کمی ہو رہی ہے۔ موجودہ معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے امپوٹرز ڈالر کی بڑھ چڑھ کر خریداری کر رہے ہیں۔