عمران خان کو یقین ہی نہیں کہ وہ وزیراعظم بن گئے ہیں، شاہد خاقان عباسی

عمران خان کو یقین ہی نہیں کہ وہ وزیراعظم بن گئے ہیں، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ  عمران خان کو آج تک یقین نہیں آیا کہ وہ وزیراعظم بن گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کےسینئر  رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی، اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے 100 دن میں 100 جھوٹ بولے گئے اور آج ڈالر کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے پاکستان پر 600 ارب روپے قرض بڑھ گیا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت خود اپنا نام خراب کر رہی ہے،  چوری ہورہی ہے ہم روک نہیں سکتے، کرپشن ، منی لانڈرنگ روکنےکا واحد طریقہ مفتاح اسماعیل کی معاشی اصلاحات تھیں،معیشت بہتر نہیں ہوگی تو روزگار کیسے بڑھے گا، جب تک لوگ ٹیکس نہیں دیں گے مسائل مزید بڑھیں گے۔ 

سابق وزیراعظم نے کہا  کہ بتایا جائے کن لوگوں نے پیسا باہر رکھا ہے ،حکومت کیوں کارروائی نہیں کررہی، ٹیکس نہ دینے والوں سے متعلق کوئی بات نہیں کی گئی، 50 لاکھ گھر کیلیے کم سے کم 5 کھرب روپے درکار ہیں، اس پرکوئی بات نہیں کی گئی، ایک کروڑ نوکریاں کیسے پیدا ہوں گی کوئی بات نہیں کی گئی۔

شاہد خاقان نے کہا کہ عمران خان کو آج تک یقین نہیں آیا کہ وہ وزیراعظم بن گئے ہیں، ہم سب سے  بڑے احتساب کے حامی ہیں، میں نے کہا تھا مجھ سے اور میری کابینہ سے شروع کریں، آج بھی ملک کا اپوزیشن لیڈر جیل میں ہے جب کہ عمران خان، کابینہ احتساب کیلیے پیش ہوں، ان کے وزیر گرفتار نہ ہوں تو میں ذمہ دارہوں گا۔

دوسری طرف سابق وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان آپ نے کہا تھا کہ 90 دن میں ملک سے کرپشن ختم کردوں گا لیکن 100 دن میں خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن کو رول بیک کردیا گیا، یہ جھوٹ ، دھوکا ہے جو قوم کے ساتھ کیا جارہا ہے،  آج کا جاری وائٹ پیپر ثابت کرے گا، عمران خان کے پاس نہ اہلیت ہے، نہ ا ن کو  چیلنجز کا احساس ہے۔