پچھلی حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں نے معیشت تباہ کی، خسرو بختیار

 پچھلی حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں نے معیشت تباہ کی، خسرو بختیار
کیپشن: فوٹو سوشل میڈیا

اسلام آباد: وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پچھلی حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں نے معیشت تباہ کی اور پاکستان کو کمبوڈیا سے بھی پیچھے دکھیل دیا، حکومت نے گیس سستی کی لیکن منافع خوروں نے نان اور روٹی سستی نہیں کی۔

اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسد عمر کے ساتھ نیوز کانفرنس میں خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ ملک میں گورننس بہتر بنائی جائے گی اور حکومت نے چیزیں سستی کرنے کے لیے جو اقدامات کیے ہیں ان پر عمل درآمد کرائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے گیس سستی کی لیکن نان بائیوں نے یہ ریلیف عوام کو منتقل نہیں کیا اور جو نان مہنگا کیا تھا اسے عوام کے لیے سستا نہیں کیا گیا۔

خسرو بختیار نے کہا کہ پچھلی حکومت میں پاکستان کی معیشت کمبوڈیا سے بھی پیچھے چلی گئی۔ اسحاق ڈار کے معاشی اہداف ہی کچھ اور تھے اور انہوں نے اداروں ماتحت بنانے کی کوشش کی اور بیرونی ملکوں کے سرمایہ کاروں سے مہنگے قرضے پاکستان کو دلوائے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں علم ہے کہ ڈالر مہنگا ہونے سے مہنگائی بڑھے گی لیکن حکومت چاہتی ہے کہ روزگار بڑھے اور صنعتی پہیہ چلے۔ ڈالر سستا ہونے کی وجہ سے پاکستان سب سے سستی منڈی بن گیا اور پاکستان ہر طرح کی پیداواری یونٹ بند ہو گئے۔