لندن برج پر حملہ کرنیوالے شخص کی شناخت ہو گئی

لندن برج پر حملہ کرنیوالے شخص کی شناخت ہو گئی
کیپشن: حملہ آور کی شناخت 28 سالہ عثمان خان کے نام سے کر لی گئی ہے جو اسٹیفرڈشائر کا رہائشی تھا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

لندن: برطانوی دارالحکومت لندن کے برج پر چاقو سے 2 لوگوں کو قتل کرنے والے حملہ آور کو شناخت کر لیا گیا۔ گزشتہ روز لندن برج کے قریب دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک چاقو بردار شخص نے خاتون سمیت 2 افراد کو وار کر کے ہلاک اور تین کو زخمی کر دیا تھا جب کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والے حملہ آور کی شناخت 28 سالہ عثمان خان کے نام سے کر لی گئی ہے جو اسٹیفرڈشائر کا رہائشی تھا۔

برطانوی پولیس کا کہنا تھا کہ عثمان خان کے اسٹریفرڈشائر میں واقع گھر پر رات گئے چھاپہ مارا اور گھر کی تلاشی لی۔

برطانوی پولیس کے مطابق عثمان خان ان 9 مجرموں میں سے تھا جنہیں 2010 میں لندن اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی سازش کے الزام میں جیل بھیجا گیا تھا جب کہ اس سازش کو القاعدہ سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا منصوبہ قرار دیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ عثمان خان پر آزاد کشمیر میں اپنے خاندان کی زمین پر دہشتگرد کیمپ بنانے کی کوشش کا الزام بھی تھا۔

عثمان دہشتگردی کے جرم میں 2012 میں جیل گیا تھا جو دسمبر 2018 میں رہا ہوا۔

برطانوی پولیس کا کہنا تھا کہ دہشتگردعثمان خان نے لندن کے فش مونگرزہال میں تقریب میں شرکت کی تھی اور اسے تباہ کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔

پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم حملے میں ملوث مزید کسی مشتبہ شخص کی تلاش نہیں کی جا رہی۔

خیال رہے کہ حملہ آور کو روکنے کے لیے لندن بریج پر موجود افراد نے فائر بجھانےکے آلے کی مدد لی اور بلآخر حملہ آور پر قابو پا لیا تھا جس بعد میں پولیس نے گولی مار دی۔