ایک مافیا حکومت کوغیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، شیخ رشید

ایک مافیا حکومت کوغیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، شیخ رشید
کیپشن: آرمی چیف کے معاملے پر آئین میں ترمیم کی ضرورت نہیں، شیخ رشید۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک مافیا حکومت کوغیرمستحکم کرنا چاہتا ہے جو یہ کہہ رہے ہیں کہ این آر او ہو گا انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ این آر او نہیں ہو گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف کے معاملے پر آئین میں ترمیم کی ضرورت نہیں اور اگر آئین میں ترمیم ہوئی تو واضح اکثریت سے ترمیم پاس ہو گی۔ حکومت مدت پوری کرے گی اور الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے دوراندیشی کا فیصلہ دیا ہے اور تمام جماعتیں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر متفق ہیں جبکہ چھ ماہ کا مطلب تین سال ہی سمجھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں لیکن ہماری نیت صاف تھی اور ہم اپنا بیانیہ صحیح طریقے سے پیش نہیں کر سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لوگوں کو پنجاب حکومت پر تحفظات ہیں اور مجھے بھی ہیں، ساری قوم سی پیک اور چین کے ساتھ ہے ۔ پوری دنیا میں سازشیں ہو رہی ہیں اور میں خود بھی پنجاب کی صورتحال سے مطمئن نہیں ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مولانا نے دھرنا دیا اب ان کو کھلی چھوٹ ہے۔