لاہور میں اورنج ٹرین10 دسمبر سے چلنا شروع ہو جائے گی، وزیر اعظم

 لاہور میں اورنج ٹرین10 دسمبر سے چلنا شروع ہو جائے گی، وزیر اعظم
کیپشن: Image Source: File Photo

لاہور: وزیراعظم عمران خان نے ایوان وزیراعلیٰ میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں اورنج ٹرین دس دسمبر سے چلنا شروع ہو جائے گی۔


تفصیلات کے مطابق اورنج لائن ٹرین منصوبہ اکتوبر 2015ء ميں مسلم لیگ ن کی حکومت نے شروع کیا گیا جسے 27 مہينوں ميں مکمل ہونا تھا۔

اس دوران اورنج لائن ٹرین کا کیس عدالت میں چلے گیا جہاں اس پر لمبی سماعتیں چلیں اور کچھ مقامات پر اس کا کام روک دیا گیا، مسلم لیگ ن کی حکومت کے رخصت ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اقتدار میں آئی تو امکان ظاہر کیا جا رہا ہے تھا کہ یہ منصوبہ جلد مکمل ہو جائے گا تاہم گزشتہ 15 ماہ کے دوران متعدد بار اعلان کیے گئے کہ فلاں وقت میں اورنج لائن منصوبہ چل جائے گا۔ تاہم ہر بار تاریخ پہ تاریخ ملتی رہی منصوبہ مکمل نہ ہوا۔

آج وزیراعظم عمران خان نے ایوان وزیراعلیٰ میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، مشیر ماحولیات ملک امین اسلم کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں آلودگی بہت تیزی سے پھیل رہی ہے، اس دوران جب اورنج لائن کے بارے میں سوال کیا گیا تو وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ 10 دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ايل ڈی اے ذرائع کا بھی کہنا تھا کہ منصوبے کے کنٹريکٹ ميں تبديلی کرکے اب اسے رواں سال دسمبر ميں مکمل کيا جائے گا۔