اس وقت اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے، ترجمان دفتر خارجہ 

No proposal to recognize Israel is currently under consideration, a Foreign Office spokesman said

اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اسرائیل کے حوالے سے اپنے اصولی موقف پر قائم ہے، اس بارے کوئی دباﺅ قبول نہیں کیا جائے گا، اس وقت اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان اس حوالے سے واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ جب تک فلسطین کا مسئلہ ان کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہو جاتا اس وقت تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ مشرق وسطی کے امن کیلئے ضروری ہے کہ فلسطین کا مسئلہ حل ہو، فلسطین کا دو ریاستی حل قابل قبول ہے اور یہی فلسطینی بھی چاہتے ہیں، اس حوالے سے جب تک شرائط پوری نہیں ہوتیں مشرق وسطی میں دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے او آئی سی وزراخارجہ کونسل اجلاس میں مسلم ممالک کو نہ صرف موثر انداز سے اپنے موقف سے آگاہ کیا بلکہ انتہائی کامیابی کے ساتھ مسئلہ کشمیر اٹھایا، بھارت پروپیگنڈا کر رہا تھا کہ او آئی سی وزراخارجہ کونسل اجلاس میں مسئلہ کشمیر نہیں اٹھایا جائے گا لیکن مسلم دنیا نے نہ صرف بھرپور طریقے کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو اجلاس میں اٹھایا بلکہ قرارداد میں بھارت کی طرف سے گزشتہ سال 5 اگست کو اٹھائے گئے اقدامات کی بھی مذمت کی جو پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران پاکستان کو ایک اور کامیابی بھی ملی ہے، پاکستان 48ویں او آئی سی وزراخارجہ کونسل کی میزبانی کرے گا جس میں پاکستان دوبارہ اپنے موقف کو دوہرائے گا، پاکستان مسلم ممالک کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھائے گا۔