عالمی وبا نے پاکستان میں پنجے گاڑ لئے، مزید 40 شہری جاں بحق

A global epidemic has engulfed Pakistan, killing 40 more civilians
کیپشن: حکومت نے عوام سے ماسک پہننے اور ایس او پیز پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے: فائل فوٹو

لاہور: پاکستانیوں کی بے احتیاطی کی وجہ عالمی وبا نے صحت عامہ کی صورتحال کو گھمبیر کر دیا ہے۔ ہر روز اس مرض سے متاثرہ مریضوں اور اموات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 40 شہری موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عوام کو خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے ایس او پیز پر لازمی عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عوام نے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے وبا کی پہلی لہر کو شکست دی تھی، تاہم اب ان کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزیوں نے ملک میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ گزشتہ روز وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے عوام پر واضح کر دیا ہے کہ اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو مکمل لاک ڈائون کی طرف جا سکتے ہیں۔

آج این سی او سی کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دو ہزار آٹھ سو 39 مزید شہری اس موذی مرض میں مبتلا ہوئے جبکہ 40 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔ اموات میں حالیہ اضافے سے وبا سے مرنے والوں کی تعداد 8025 ہو چکی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق اس وقت پاکستان میں وبا سے متاثرہ مریضوں کی کنفرم تعداد 3 لاکھ 95 ہزار 24 ہے جبکہ 48 ہزار 576 ایکٹو کیسز ہیں۔ تاہم 3 لاکھ 41 ہزار 423 اس مرض سے چھٹکارا پانے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اموات اور مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے صوبہ پنجاب کی صورتحال سب سے خراب ہے جہاں اب تک ایک لاکھ 19 ہزار 35 کنفرم کیسز سامنے آ چکے ہیں، ایکٹو کیسز کی تعداد 17 ہزار 599 ہے جبکہ 2 ہزار 991 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔

دوسرے نمبر پر صوبہ سندھ ہے جہاں اموات کی تعداد بڑھ کر 2 ہزار 924 ہو چکی ہے۔ صوبے میں ایکٹو کیسز کی تعداد 18 ہزار 561 جبکہ ایک لاکھ 73 ہزار 14 کنفرم کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

ملک کے دیگر علاقوں کی بات کی جائے تو صوبہ خیبر پختونخوا میں 47 ہزار 190 کنفرم کیسز، 4022 ایکٹو کیسز جبکہ اموات کی تعداد 1368 ہے۔ اسلام آباد میں 23736 افراد اس مرض کو شکست دے چکے ہیں۔ اموات کی تعداد 314، ایکٹو کیس 6073 اور کنفرم کیس 30123 ہیں۔

گلگت بلتستان میں اس وقت 4649 کنفرم کیس، 6073 ایکٹو کیس جبکہ 97 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ اس علاقے کے 4382 شہری صحت یاب ہو چکے ہیں۔ صوبہ بلوچستان میں 17158 کنفرم اور 651 ایکٹو کیسز ہیں جبکہ مرنے والوں کی تعداد 166 ہو چکی ہے۔ آزاد کشمیر کی بات کی جائے تو وہاں 5190 شہری صحتیاب ہو چکے ہیں، 165 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ ایکٹو کیسز 1500 اور کنفرم کیسوں کی تعداد 6855 ہے۔