نارنگ منڈی: کالا خطائی روڈ پر ٹریفک حادثہ، بس اور وین میں تصادم، 13 جاں بحق، متعدد زخمی

Narang Mandi: 7 killed, several injured in bus-van collision on Kala Khatai Road
کیپشن: امدادی ٹیموں نے زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا: فائل فوٹو

نارنگ منڈی: کالا خطائی روڈ پر مسافر بس اور وین میں خوفناک تصادم، بس میں آگ لگ گئی، حادثے میں 13 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد مسافر شدید زخمی ہو گئے۔

تفصیل کے مطابق مریدکے کے علاقے کالا خطائی روڈ پر مسافر بس اور وین میں خوفناک تصادم سے بس میں آگ لگ گئی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور فائر بریگیڈز کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی انتہائی تشویشناک ہے، انھیں لاہور منتقل کر دیا گیا۔ یہ خوفناک حادثہ دھند کے باعث پیش آیا۔ حادثے کے باعث سڑک بلاک ہونے سے دور دور تک ٹریفک جام ہو گئی۔

دوسری جانب پنو عاقل میں بھی گزشتہ رات ایک خوفناک حادثہ پیش آیا تھا جس میں خواتین اور بچوں سمیت گیارہ افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے تھے، ان میں سے دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حادثے کا شکار مزدا وین رحیم یار خان سے کراچی جا رہی تھی۔ حادثہ پنو عاقل میں سانگی کے قریب قومی شاہراہ پر پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والے کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

حادثے کی اطلاع پر مقامی ہسپتال اور ایدھی ایمبولینسز جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور انہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ ایس ایچ او سانگی نے بتایا ہے کہ مزدا وین کا ڈرائیور تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہا تھا۔ اوورٹیک کرتے ہوئے گاڑی اس کے کنٹرول سے نکل کر اینٹوں سے بھرے ٹرک سے جا ٹکرائی۔ ٹرک الٹنے سے وین اس کے نیچے دب گئی۔

جاں بحق افراد اور زخمیوں کا تعلق مسیحی خاندان سے ہے جو رحیم یار خان کی ناصر کالونی سے مزدا پر سوار ہو کر کراچی کی ضیا کالونی جا رہے تھے۔