ٹک ٹاک کا شوقین سیکیورٹی گارڈ جان کی بازی ہار گیا 

ٹک ٹاک کا شوقین سیکیورٹی گارڈ جان کی بازی ہار گیا 

کراچی: کراچی کے علاقے گلشن معمار میں سیکیورٹی کمپنی کے گارڈ نے مبینہ طور پر ٹک ٹاک بناتے ہوئے خود کو گولی مارلی ۔

تفصیلات کے مطابق نجی فلور مل میں تعینات سیکیورٹی گارڈ اپنی ہی گولی کا نشانہ بن گیا ، واقعے کی موبائل ویڈیو منظرعام پر آگئی ہے ۔سیکیورٹی گارڈ غلام شبیر اپنی ہی رائیفل سے چلنے والی گولی کا نشانہ بنا ، ویڈیو میں غلام شبیر کو رائفل سینے پر رکھ کر گولی چلاتے دیکھا جاسکتاہے ۔

واقعے کے بعد پولیس نے رائفل قبضے میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی ہے ، ابتدائی تفتیش کے دوران مرنے والے کے ساتھ ویڈیو بنانے والے سیکیورٹی گارڈ کو بھی حراست میں لے لیا گیاہے ۔ 

زیرحراست گارڈ کے مطابق جس اسلحہ سے فائر کیاگیا وہ چلتا نہیں تھا ، آج ویڈٰیو بناتے ہوئے اسلحہ اچانک چل گیا ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی ، متوفی گارڈ کا آبائی تعلق سانگھڑ سے تھا جس کی تدفین آبائی گاؤں میں ہی کی جائیگی ۔ 

واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹک ٹاک ویڈیو ز کی وجہ سے نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کے ایسے واقعات سامنے آرہے ہیں ، ٹک ٹاک مبینہ طور پر خودکشیوں کا باعث بن رہی ہے ۔ جس کے بعد ٹک ٹاک  پر پابندی بھی لگائی گئی تھی ، تاہم حکومت پاکستان نے تو یہ پابندی مختلف وجوہات پر اٹھا لی ہے ۔