تحریک انصاف نے دوسری جماعتوں کے اکاؤنٹس کی اسکروٹنی کا مطالبہ کر دیا

تحریک انصاف نے دوسری جماعتوں کے اکاؤنٹس کی اسکروٹنی کا مطالبہ کر دیا

اسلام آباد: تحریک انصاف نے دیگر سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی اسکروٹنی کے مطالبے پر مبنی خط الیکشن کمیشن میں جمع کرادیا جب کہ نعیم الحق کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن میں پارٹی فنڈنگ کے تمام ذرائع اور تفصیلات جمع کرا دی ہیں۔

تحریک انصاف کے سیکریٹری مالیات سردار اظہر طارق نے الیکشن کمیشن میں خط جمع کرایا جس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے 2010 سے 2017 تک کی فنڈنگ کی تفصیل الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی اور فنڈنگ کے تمام ذرائع بھی بتا دیئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق خط میں دیگر جماعتوں کے اکاؤنٹس کی بھی اسکروٹنی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بدقسمتی سے پی ٹی آئی کےعلاوہ کسی بھی جماعت سے فنڈنگ کی تفصیلات نہیں مانگی گئیں۔ الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کو ایک نظر سے دیکھے۔ پی ٹی آئی کے علاوہ دیگر جماعتوں کے بھی فنڈز کی تفصیل مانگی جائے۔

خط میں مزید کہا گیا ہےکہ ضروری ہے آئندہ انتخابات سے پہلے سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی تفصیلات عوام کومعلوم ہوں۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں اپنے تمام فارن فنڈنگ کے ذرائع اور 700 صفحات پر مشتمل دستاویزات جمع کرا دیں۔ آج الیکشن کمیشن کے تمام سوالات کا جواب دے چکے ہیں۔

نعیم الحق نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن میں درخواست دی ہے کہ جن بڑی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی تفتیش نہیں ہوئی ان کی بھی تفتیش کی جائے۔ ہم نے الیکشن کمیشن کو تفصیلات بھی فراہم کی ہیں جس میں حیرت انگیز انکشافات سامنے آئے ہیں کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے اکاؤنٹس جو کمیشن کو دیئے گئے ان کے اپنے اکاؤنٹنٹ نے آڈٹ کرتے وقت شدید اعتراضات کیے ہیں اور کروڑوں روپے کا پتا ہی نہیں چل رہا کہ وہ کہاں جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کمیشن سے درخواست کی ہے کہ دوسری جماعتوں کے اکاؤنٹس کی بھی تفصیلات کا پتا لگایا جائے۔ یہ تاثر جا رہا ہے کہ صرف پی ٹی آئی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اس کے اکاؤنٹ چیک کیے جا رہے ہیں۔ نعیم الحق نے مزید کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کوشش کررہے ہیں کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے خلاف کوئی نہ کوئی فیصلہ آ جائے لیکن یقین دلاتا ہوں کہ پی ٹی آئی نے کچھ نہیں چھپایا اور سب اکاؤنٹس عوام کے سامنے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں