ٹرمپ کے سابق مشیر کا ٹوئٹر اکاﺅنٹ بند کردیا گیا

ٹرمپ کے سابق مشیر کا ٹوئٹر اکاﺅنٹ بند کردیا گیا

واشنگٹن:سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے صحافیوں کو دھمکیاں دینے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق مشیر راجر اسٹون کااکاﺅنٹ بند کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مطابق امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آنے اور انہیں دھمکیاں دینا امریکی صدر کے قریبی دوست کو مہنگا پڑگیا۔ راجر اسٹون نے ناصرف سینئر صحافیوں کا نام لے کر انہیں سنگیں نتائج کی دھمکیاں دیں بلکہ ٹرمپ مخالف اور حکومت پر تنقید کرنے والے کالم نگاروں کو بھی نہیں بخشا۔ دوسری طرف راجر نے مائیکرو بلاگنگ ویب کے خلاف اینٹی ٹرسٹ مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سابق مشیر نے صحافیوں پر الزام لگایا کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف جعلی اور بے بنیاد خبریں شائع کررہے ہیں جس پر انہیں سنگین نتائج بھگتنے پڑیں گے۔ راجر اسٹون نے ٹوئٹر پر ناقد صحافیوں کو مغلظات بکیں اور انہیں برا بھلا کہا جس پر ٹوئٹر نے ایکشن لیتے ہوئے ان کا اکاﺅنٹ بند کردیا۔
ٹوئٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور لوگوں کو دھمکانے کے لیے ٹوئٹر کا پلیٹ فارم استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی اور اصولوں کے برخلاف ٹوئٹ کرنے پر راجر اسٹون کا اکاﺅنٹ بند کیا گیا ہے۔