اسرائیلی طیارے کا معاملہ ،شہباز شریف نے وزیرخارجہ شاہ محمود کی وضاحت تسلیم کرلی

اسرائیلی طیارے کا معاملہ ،شہباز شریف نے وزیرخارجہ شاہ محمود کی وضاحت تسلیم کرلی
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: نیب کی زیر حراست پروڈکشن آرڈر پر قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے والے اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اسرائیلی طیارے کی مبینہ طور پر پاکستان آمد پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی وضاحت کو تسلیم کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسرائیلی جہاز کی آمد کی خبر من گھڑت ہے، کہہ چکے ہیں اس میں کوئی حقیقت نہیں، اس کے باوجود اس کا ذکر کرنا چاہیں تو کوئی روک نہیں سکتا لیکن اپوزیشن کے اطمینان کے لیے کہہ رہا ہوں کہ خبر میں کوئی حقیقت نہیں۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ اگر امت تقسیم ہے تو ہمارے مفاد میں ہے اس تقسیم میں کمی کریں، اگر اختلافات میں مثبت کردار ادار کرسکتے ہیں تو کرنا چاہیے، ہم اسے مزید ہوا نہیں دے سکتے۔


شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب سے ملنے والے پیکیج پر شرائط کی باتیں کی گئی لیکن اس پر کوئی شرائط نہیں، پاکستانی فوج یمن بھیجنے سے متعلق سعودی عرب نے کوئی شرط نہیں لگائی۔


اسرائیلی طیارے سے متعلق وزیر خارجہ کی وضاحت پر ایوان میں موجود اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اپنی نشست پر کھڑے ہوکر کہا کہ وزیر خارجہ جنٹل مین ہیں ان کی وضاحت قبول کرتے ہیں۔