آبادی کنٹرول کرنے کیلیے لانگ مارچ کرنے کو تیار ہوں،  چیف جسٹس

 آبادی کنٹرول کرنے کیلیے لانگ مارچ کرنے کو تیار ہوں،  چیف جسٹس

اسلام آباد: چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ ڈیم کے بعد سب سے اہم کام آبادی کنٹرول کرنا ہے جب کہ آبادی کنٹرول کرنے کیلیے لانگ مارچ پر بھی تیار ہوں۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں آبادی میں اضافے پر از خود نوٹس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ انسانوں کو درکار وسائل کم ہو رہے ہیں، ملک میں پانی تیزی سے کم ہو رہا ہے، پانی کم اور پینے والے زیادہ ہو رہے ہیں، ڈیم کے بعد سب سے اہم کام آبادی کنٹرول کرنا ہے لیکن آبادی کنٹرول کرنے کے لیے مناسب مہم نہیں چلائی جا رہی۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ 30 سال بعد 45 کروڑ عوام کو سہولیات کیسے دیں گے ، زمہ داری پوری نہ کی تو ہم آنے والی نسلوں کے مجرم ہوں گے جب کہ اپنے بچوں کو کہنا پڑے گا بچے دو ہی اچھے، خود سڑک پر چڑھ کر آگاہی فراہم کروں گا اور لانگ مارچ کے لیے بھی تیار ہوں۔

 انہوں نے کہا کہ  آگاہی مہم کے لیے واک کا بھی اہتمام کیا جا سکتا ہے، ہوسکتا ہے مہم کے بعد آج رات ہی دو جوڑے آبادی کنٹرول کرنے کا سوچیں۔