حکومت ہزاروں غریب ملازمین کو فاقہ کشی پر مجبور کر رہی ہے: بلاول بھٹو زرداری

حکومت ہزاروں غریب ملازمین کو فاقہ کشی پر مجبور کر رہی ہے: بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد:  پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کرنے والی حکومت صحافیوں سمیت ہزاروں غریب اور چھوٹے ملازمین کو ملازمتوں سے محروم کر کے فاقہ کشی پر مجبور کر رہی ہے۔ یہ صرف چند ہزار افراد کا نہیں بلکہ ہزاروں خاندانوں کا معاشی قتل ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ان تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پی ایف یو جے کی کال پر پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی کیمپ اور جرنلسٹس پکوڑہ سٹال میں اظہار یکجہتی کے طور پر اپنی آمد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ نیا پاکستان ہے جس میں ہزاروں افراد کو بے روزگار کیا جا رہا ہے۔ یہ تبدیلی ہے جس کا عوام کو خواب دکھایا گیا تھا۔ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے غیر سنجیدہ اور بے حس ہے، عوامی بہتری کیلئے اس حکومت کے پاس کوئی پروگرام نہیں، پیپلز پارٹی بائیں بازوں کی ترقی پسند عوامی سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ غریب کے حقوق اور جمہوریت کے حقوق کیلئے جدو جہد کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پی ایف یو جے کے تمام مطالبات کی نہ صر ف حمایت کرتی ہے بلکہ اس کے لئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھی صدائے احتجاج بلند کرے گی۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے بر سر اقتدار آنے کے بعد جو بجٹ پیش کیا تھا اس میں غریب کا خیال نہیں رکھا گیا یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں ہر جگہ لوگ احتجاج کر رہے ہیں۔کہیں انصاف نہیں نظر آ رہا ہر طرف افرا تفری کا عالم ہے۔

بلاول بھٹو نے کہ کہ ہمارا انداز سیاست مثبت اور موجودہ حکومت سے مختلف ہے۔ پیپلز پارٹی عملی جدو جہد پر یقین رکھتی ہے۔ ملک بھر کے اندر حکومتی نا انصافیوں کیخلاف ہر شعبہ زندگی کی جانب سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی پی کے سینئر راہنما خورشید شاہ نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ ہے۔انصاف کے نام پر قائم ہونے والی حکومت نے نا انصافیوں اور زیادتیوں کی انتہا کر دی ہے۔ دو ماہ کے عرصہ میں دس سے بارہ ہزار افراد کو روز گار سے محروم کر دیا گیا ہے۔ اور اس حکومت نے صحافیوں پر بھی ہاتھ صاف کیے ہیں جو کہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ ہم میڈیا سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے بیروزگار ہونے والے افراد کا مقدمہپارلیمنٹ سمیت ہر فور م پراٹھائیں گے۔