ایاز صادق کی کہی بات معافی سے آگے نکل چکی ہے، شبلی فراز

Pakistan,Shibli faraz,Ayaz Sadiq,Government,Pakarmy
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و سینیٹر شبلی فراز نے ایک بار پھر سے مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق کو نشانے پر رکھ لیا ہے۔ کہتے ہیں کہ ایاز صادق کی کہی بات معافی سے آگے نکل چکی ہے اور اب قانون اپنا راستہ لے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک بیان میں شبلی فراز نے کہا کہ ریاست کو کمزور کرنا ناقابل معافی جرم ہے جس کی سزا ایاز صادق اور ان کے حواریوں کو ضرور ملنی چاہیے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق قومی اسمبلی میں اپنی متنازعہ تقریر کی وجہ سے اس وقت تنقید کا شکار ہیں۔ تاہم ایاز صادق نے گزشتہ روز اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ جو میں نے اسمبلی میں بیان دیا اس میں بھارتی میڈیا کا جو رد عمل آیا وہ میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا اور اس کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔ 

بعد ازاں پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے بھی اس بیان پر ایک پریس کانفرنس کی اور کہا کہ ایک ایسا بیان دیا گیا جس میں تاریخ کو مسخ کرنے کی بات کی گئی۔ 

انہوں نے کہا کہ ایسے منفی بیانیے کے قومی سلامتی پر براہ راست منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ منفی بیانیہ بھارت کی شکست اور ہزیمت کو کم کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

ان کا پریس کانفرنس کے دوران مزید کہنا تھا کہ پلوامہ واقعے کے بعد بھارت کو 26 جنوری کو نا صرف منہ کی کھائی بلکہ پوری دنیا میں ہزیمت بھی اٹھائی۔ دشمن کے جہاز جو بارود پاکستان کے عوام پر گرانے آئے تھے وہ خالی پہاڑوں پر پھینک کر چلے گئے تھے۔