سینیئر بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی، شہریوں کے زخمی ہونے پر پاکستان کا احتجاج

Pakistan,FO summons,Indian diplomat,ceasefire violations
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی پر سینیئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر لیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج کی ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پرشدید احتجاج کیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ 29 اکتوبر کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور نیزہ پیر اور رکھ چکری سیکٹر میں شہری آباد پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ 

پریس ریلیز کے مطابق رواں سال بھارت کی جانب سے 2580 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہریوں کو ہلاک جبکہ 199 کو زخمی کیا جا چکا ہے۔

 دفتر خارجہ نے بھارت فوج کی فائرنگ اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے پر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا اور بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ 2003 کے سیز فائر معاہدے پر عمل کرتے ہوئے ایسی کارروائیوں سے گریز کرے۔

جبکہ بھارت سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ وہ اقوام متحدہ کے مبصروں کو بھی اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دے۔

خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات میں تواتر اضافہ دیکھا گیا ہے اور آئے روز آزاد کشمیر میں ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی جاتی ہے۔