جشن آمد رسول ﷺ، ملک بھر کے گلیاں اور بازار سج گئے

eid-milad-un-nabi-pbuh-being-celebrated-today
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پیارے آقا حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کے پرمسرت موقع پر پاکستان بھر میں عید میلاد النبی ﷺ پورے مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عید میلاد النبی ﷺ  کے سلسلے میں جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ جلوسوں کے راستوں میں دودھ، شربت کی سبیلیں لگانے، مٹھائی و لنگر تقسیم کرنے کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

نبی پاک ﷺ  کے یوم ولادت کے سلسلے میں تمام سرکاری، نیم سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے۔ گھروں، دفاتر، مساجد، پارکس، تفریحی مقامات، گلیوں، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراہوں کو رنگ برنگے پرچموں، برقی قمقموں، آرائشی محرابوں، خوبصورت فلیکس سائنز، بینرز، جھنڈیوں اور دیگر آرائشی اشیا سے سجا دیا گیا ہے۔

مختلف اداروں میں سیرت النبی کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ ملک بھر کی مساجد میں علمائے کرام و خطیب اور مشائخ عظام جمعة المبارک کے خطبات میں ولادت باسعادت حضرت محمد مصطفےٰ ﷺ پر روشنی ڈالیں گے۔

مختلف مقامات پر دودھ کی سبیلیں لگائی جائیں گی، کیک کاٹے جائیں گے اور لنگر تقسیم کیا جائے گا۔ ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے فرزندانِ اسلام کی جانب سے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے شایان شان انعقاد کے لیے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں جبکہ ملک بھر میں جلسے جلوسوں اور محافل نعت و درود و سلام کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا جبکہ اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئیں ہیں۔ ملک بھر میں تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس نکالے جائیں گے جس میں درود و سلام کی صدائیں بلند کرتے عاشقان رسول شرکت کریں گے یہ جلوس اپنے طے شدہ راستوں سے گزر کر منزل مقصود پر پہنچیں گے۔