راولپنڈی: زمبابوے کیخلاف پہلا ون ڈے، پاکستان کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

pakistan-decides-to-bat-after-winning-the-toss-in-first-odi-against-zimbabwe
کیپشن: FILE PHOTO

راولپنڈی: پاکستان کے کرکٹ میدان ایک بار پھر کھیل سے آباد ہو گئے ہیں۔ دورے پر آئی مہمان زمبابوے اور قومی ٹیم کے کھلاڑی ان ایکشن ہونگے۔ راولپنڈی میں کھیلے جا رہے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ زمبابوے نے آخری مرتبہ 2015ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلی گئی تین ون ڈے میچز کی سیریز میں اس کو دو صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ون ڈے سیریز جولائی 2018ء میں زمبابوے کے شہر بلاوایو میں کھیلی گئی۔

پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان نے پانچ صفر سے کامیابی حاصل کی تھی۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے یکم نومبر جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے 3 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان کا زمبابوے کے خلاف ایک روزہ میچز میں ریکارڈ انتہائی شاندار ہے۔ 1992ء سے 2018ء تک دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے 59 میچوں میں گرین شرٹس نے 52 میں فتح حاصل کی جبکہ چار میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک میچ ٹائی ہوا اور دو بے نتیجہ رہے۔ اس طرح پاکستان کا زمبابوے کے خلاف جیت کا تناسب 92.10 فیصد ہے۔

زمبابوین ٹیم نے آخری بار 24 نومبر 1998ء کو راولپنڈی سٹیڈیم میں ون ڈے میچ کھیلا تھا جس میں اسے 111 رنز سے شکست ہوئی۔ اس میچ میں پاکستان کے کپتان عامر سہیل اور زمبابوے کے کپتان ایلسٹر کیمبل تھے۔ میچ کی خاص بات اعجاز احمد کی شاندار سنچری تھی۔ انہوں نے 103 گیندوں پر چار چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 132 رنز بنائے اور مرد میدان کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ معیاری وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے شروع ہوگا۔ مہمان ٹیم کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے، شاداب خان ان کے نائب ہیں لیکن وہ فٹنس مسائل کے باعث پہلے میچ میں وہ ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، عابد علی، فہیم اشرف، فخر زمان، حیدر علی، حارث رئوف، حارث سہیل، افتخا احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان، محمد موسیٰ اور روحیل نذیر شامل ہیں۔

زمبابوے کی قیادت کے فرائض چامو چیبھابھا انجام دیں گے، دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں برینڈن ٹیلر، شان ولیمز، سکندر رضا، ویلنگٹن ماساکڈزا، ایلٹن چگمبورا، برائن چاری، رائن برل، ٹینڈائی چسرو، ٹینڈائی چترا، کریگ ارون، فراز اکرم، تناشے کامو، کارل مومبا، رچمونڈ موتم بمی، ویسلے مدھویری، بلیسنگ موزرابانی، رچرڈ نگروا اور ملٹن شومبا شامل ہیں۔زمبابوے کی کرکٹ ٹیم 22 سال بعد راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ون ڈے میچ کھیلے گی۔