اقوام متحدہ کا گستاخانہ خاکوں سے پیدا ہونے والی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار

un-expresses-deep-concern-over-tensions-over-blasphemous-sketches
کیپشن: FILE PHOTO

نیویارک: اقوام متحدہ کے عہدیدار نے گستاخانہ خاکوں کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی کے حق کو تمام مذاہب کے عقائد اور ان کے بنیادی اصولوں کا مکمل احترام کرتے ہوئے استعمال کیا جائے۔

یونائٹڈ نیشنز الائنس آف سیولائزیشنز کے سربراہ نے گستاخانہ خاکوں کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام مذاہب کے احترام اور امن و بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ یو این اے او سی کے لئے ہائی ریپریزنٹیٹو میگوئیل اینجل موراٹینوز کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاہب اور مذہبی علامات کی توہین نفرت اور پرتشدد انتہاء پسندی کو فروغ دیتی ہے جس سے معاشرے میں تقسیم اور دوریاں پیدا ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ فرانسیسی ہفت روزے چارلی ایبڈو کی طرف سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی کشیدگی اور عدم برداشت کے واقعات پر گہری تشویش کے ساتھ نظر رکھے ہوئے ہیں۔ خاکوں کی اشاعت کے اشتعال انگیز اقدام کے نتیجے میں شہریوں کو مذہبی اور نسلی بنیادوں پر تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اظہار رائے کی آزادی کے حق کو تمام مذاہب کے عقائد اور ان کے بنیادی اصولوں کا مکمل احترام کرتے ہوئے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ دہشتگردی کے واقعات کا تعلق ہرگز کسی مذہب، قوم، تہذیب یا نسلی گروہ سے نہ جوڑا جائے۔ مذہبی عدم برداشت کی بنیاد پر کئے جانے والے اقدامات کو تشدد کا جواز بنانے سے گریز کیا جائے۔