شاہینوں نے نیدرلینڈز کی بیٹنگ لائن تہس نہس کر دی، 92 رنز کا ہدف

شاہینوں نے نیدرلینڈز کی بیٹنگ لائن تہس نہس کر دی، 92 رنز کا ہدف

پرتھ: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے 29 ویں میچ میں قومی ٹیم کے باؤلرز نے نیدرلینڈز کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا جس نے پاکستان کو جیت کیلئے صرف 92 رنز کا ہدف دیا ہے۔ 

پرتھ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو اس کی بیٹنگ لائن شاہینوں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 91 رنز بنا سکی۔ 

کولن ایکرمن نے سب سے زیادہ 27 رنز بنائے اور کپتان سکاٹ ایڈورڈ صرف 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ 9 بلے باز دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکے۔ 

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 22 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور محمد وسیم جونیئر نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 

واضح رہے کہ میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں اور ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے حیدر علی کی جگہ فخر زمان کو شامل کیا گیا ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ شامل ہیں۔ 

نیدرلینڈز کی قیادت سکاٹ ایڈورڈ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سٹیفن مائیبرگ، میکس اوڈاؤڈ، باس ڈی لیڈ، کولن اینکرمین، ٹام کوپر، روئلوف وینڈر مروی، ٹم پرنگل، فریڈ کلاسن، برینڈن گلوور اور پال وین میکرن شامل ہیں۔ 

یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکی ہے اور ابتدائی دو میچز میں اسے بھارت اور زمبابوے کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 

پاکستان کو سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے آج کے میچ سمیت اپنے بقیہ 2 میچز میں کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ناصرف رن ریٹ بہتر بنانے کی ضرورت ہے بلکہ دیگر ٹیموں کے میچز کے نتائج پر بھی انحصار کرنا ہو گا۔ 

مصنف کے بارے میں