ملک بھر کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بند

ملک بھر کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بند

اسلام آباد: آج ملک بھر میں 9محرم الحرام کے جلوس نکالے جارہے ہیں جس میں سیکورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل فون سروس کو بند رکھا گیا ہے۔ موبائل فون سروس صبح 9 بجے سے رات 10 بجے تک بند رہے گی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، سکھر، حیدر آباد اور حساس قرار دیے گئے شہروں میں موبائل سروس بند ہے۔ موبائل فون سروس کی بندش سے شہریوں کا مواصلاتی رابطہ منقطع ہے جس سے انہیں رابطوں میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب جلوسوں کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے بعض شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی بھی عائد ہے تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے، خواتین اور 12 سال سے کم عمر بچے اور صحافی حضرات کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی ملک بھر کے اہم شہروں میں موبائل فون سروس کو صبح 9 بجے سے رات 10 بجے تک بند رکھا گیا تھا۔ وفاقی وزارت داخلہ نے سیلولر کمپنیوں کو 8، 9 اور 10 محرم الحرام کو موبائل فون سروس بند رکھنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں