سعودی وفد آج پاکستان پہنچے گا،اہم معاہدوں پر دستخط متوقع

سعودی وفد آج پاکستان پہنچے گا،اہم معاہدوں پر دستخط متوقع
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد:کویتی وفد کے بعد سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی آج اسلام آباد پہنچے گا جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو فروغ دینے سے متعلق بات چیت کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کا اعلی سطح کا وفد پاکستان کا 6 روزہ دورہ کرے گا جس کے دوران کئی اہم معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام اور پاکستان کو تاخیری ادائیگیوں پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی سمیت 5 اہم ایم او یوز پر دستخط متوقع ہیں۔


سعودی عرب کی جانب سے بلوچستان کے ریکوڈک منصوبے میں سونے اور تانبے کی تلاش میں سرمایہ کاری، دونوں ملکوں کے درمیان دو ایل این جی پاور پلانٹس کی نجکاری سمیت پاکستان کو فاسفیٹک کھاد کی فراہمی کے ایم او یوز پر دستخط کا بھی امکان ہے۔سعودی وفد اپنے دورہ پاکستان کے دوران گوادر پورٹ اور ریکوڈک منصوبے کا دورہ بھی کرے گا۔


خیال رہے کہ عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد رواں ماہ پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا جہاں انہوں نے جدہ میں سعودی فرماں روا سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔


وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی تھی اور اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔


وزیر اعظم عمران خان نے سعودی فرماں روا اور ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی تھی جو انہوں نے قبول کرلی تھی۔