صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ،فی تولہ 450 روپے مہنگا

صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ،فی تولہ 450 روپے مہنگا
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: نئے پاکستان میں مہنگائی نے پنجے گاڑھ لئے، مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 450 روپے اور 386 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 9 ڈالر کے اضافے سے 1192 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔ سونے کی قیمت 9 ڈالر کے اضافے سے 1192 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی ہفتے کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 450 روپے اور 386 روپے کا اضافہ ہوا.

جس کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 59300 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 50840 روپے ہوگئی۔ اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 820 روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت 703 روپے پر مستحکم رہی۔