میں دیکھتا ہوں یہاں کون بدمعاش ہے، چیف جسٹس کا منشا بم کو فوری گرفتار کرنے کا حکم،پی ٹی آئی رہنما طلب

میں دیکھتا ہوں یہاں کون بدمعاش ہے، چیف جسٹس کا منشا بم کو فوری گرفتار کرنے کا حکم،پی ٹی آئی رہنما طلب
کیپشن: فائل فوٹو


لاہور : 70سے زائد مقدمات میں ملوث منشا بم نامی شخص کی گرفتاری روکنے پر چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کے رہنما ملک کرامت کھوکھر کو طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ میں دیکھتا ہوں یہاں کون بدمعاش ہے۔

تفصیلات کے مطابق قبضہ گروپ منشا بم کی گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سماعت ہوئی۔دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ یہ منشا بم کون ہے؟۔ تو ایس پی نے جواب دیا کہ منشا بم جوہر ٹاؤن کا ایک بہت بڑا قبضہ گروپ ہے۔منشا بم بیٹوں کے ساتھ مل کر جوہر ٹاؤن میں قبضے کرتا ہے۔ان کے خلاف 70 سے زائد مقدمات درج ہیں۔

آپ کے حکم پر کارروائی کی تو سفارشوں کے لیے فون آنا شروع ہو گئے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سفارش کے لیے کس کا فون آیا تو ایس پی نے بتایا کہ ایم این اے کرامت علی کھوکھر نے منشا بم کی گرفتاری روکنے کی درخواست کی۔


چیف جسٹس نے کہا کہ میں دیکھتا ہوں کون بدمعاش ہیں یہاں۔قبضہ مافیہ کی بدمعاشی نہیں چلنے دیں گے۔ پولیس میں سیاسی مداخلت کرنے والے کو نہیں چھوڑوں گا۔چیف جسٹس نے ملزم کی جانب سے وکیل کے پیش ہونے پر وکیل کی سخت سرزنش کی۔چیف جسٹس نے منشا بم کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ایڈووکیٹ رانا سرور نے کیس سے علیحدہ ہو کر غیر مشروط معافی مانگ لی۔