ون ڈے رینکنگ،راشد خان نمبر ون آل راﺅنڈر،بابر اعظم کی 4 درجے تنزلی

ون ڈے رینکنگ،راشد خان نمبر ون آل راﺅنڈر،بابر اعظم کی 4 درجے تنزلی
کیپشن: Image by Rediff.com

دبئی:ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے خلاف شاندار کارکردگی دکھانے والے افغانستان کے راشد خان کو محنت کا صلہ مل گیا ہے اور وہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون آل راﺅنڈر کا اعزاز لے اڑے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ون ڈے انٹر نیشنل رینکنگ میں بیٹنگ اور باﺅلنگ کے شعبوں پر بھارت کا قبضہ ہے، بیٹنگ میں ویرات کوہلی اور باﺅلنگ میں جسپرت بھمراہ پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔بہترین بلے بازوں کی فہرست میں ابتدائی 10 بلے بازوں میں پاکستان کے صرف بابراعظم شامل ہیں جن کی رینکنگ میں 4 درجے تنزلی ہوئی اور وہ چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں۔


قومی ٹیم کے نوجوان اوپننگ بلے باز امام الحق 15 درجے بہتری کے ساتھ رینکنگ میں 27ویں نمبر پر آگئے جب کہ فخر زمان فہرست میں 19ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔باﺅلنگ کے شعبے میں ابتدائی 10 بہترین باﺅلرزمیں پاکستان کے حسن علی کا چھٹا نمبر ہے، پہلی پوزیشن پر بھارت کے جسپرت بھمراہ ،افغانستان کے راشد خان دوسری پوزیشن، کلدیپ یادیو تیسری، نیوزی لینڈ کے ٹرینڈ بولٹ چوتھی اور آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔


افغانستان کے راشد خان نے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن سے نمبر ون آل راؤنڈر پوزیشن چھین لی، راشد خان 353 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔بہترین آل راؤنڈر کی فہرست میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسری، افغانستان کے محمد نبی تیسری، نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر چوتھی اور قومی ٹیم کے محمد حفیظ پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔