دنیا کو کشمیریوں کے دکھ درد کے بارے میں جاننے کی ضرورت ہے، ترک صدر

دنیا کو کشمیریوں کے دکھ درد کے بارے میں جاننے کی ضرورت ہے، ترک صدر
کیپشن: دفاعی پیداوار کے میدان میں باہمی تعاون کے لئے بہت بڑی صلاحیتیں موجود ہیں، ترک صدر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

استنبول: اتوار کو ترک صدر طیب رجب اردوان اور چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے استنبول میں تقریب کے دوران پاک بحریہ کے لئے چار میں سے پہلے بحری جہاز میلگیم بلاک ون کلاس فرگیٹ کا مشترکہ طور پر افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر طیب رجب اردوان نے برادر پاکستان ترکی تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دفاعی پیداوار کے میدان میں باہمی تعاون کے لئے بہت بڑی صلاحیتیں موجود ہیں۔

کشمیر کا فلسطین سے موازنہ کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ 80 لاکھ سے زیادہ کشمیری بڑی ہمت کے ساتھ قابض افواج کی بربریت کا سامنا کرتے ہوئے اپنی ہی سرزمین میں کھلی فضا میں قید ہیں۔ ترک صدر طیب رجب اردوان نے مسئلہ کشمیر اٹھاتے رہنے اور کشمیری عوام کی پریشانیوں کو اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو کشمیریوں کے دکھ درد کے بارے میں جاننے کی ضرورت ہے۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنی ابتدائی تقریر میں اس منصوبے کو پاک ترکی بھائی چارے کی ایک اور مثال قرار دیا۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی حالیہ صورتحال کے بارے میں مہمانوں کو تازہ ترین حالات سے آگاہ کیا۔

ایڈمرل عباسی نے ترک صدر کا نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو اٹھانے پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیری عوام مستقل حمایت کے لئے ترکی کے مقروض ہیں۔