10سال بعد سری لنکن ٹیم آج کراچی میں ون ڈے میچ کھیلے گی

10سال بعد سری لنکن ٹیم آج کراچی میں ون ڈے میچ کھیلے گی

کراچی :سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ایک روزہ میچ آج نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ بارش کی وجہ سے جمعہ کو پہلا ون ڈے منسوخ ہوگیا تھا۔میچ ڈی اینڈ نائٹ کھیلا جائیگا جو کہ 3بجے سہ پہر شروع ہوگا۔

کراچی میں آخری ون ڈے انٹرنیشنل 2009 میں کھیلا گیا تھا، اس وقت یہاں ایکشن میں نظر آنے والی مہمان ٹیم سری لنکا بعد میں لاہور میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے دوران دہشت گردوں کے حملے کا نشانہ بنی اور پاکستان کے میدان ویران ہوگئے۔

مئی 2015 میں زمبابوین ٹیم کی لاہور آمد کے بعد سے ملک میں بتدریج انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سفر جاری ہے،پی ایس ایل میچز، ورلڈ الیون، سری لنکن ٹیم کی واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبانی اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیسے قدم اٹھائے جا چکے، اب10 سال بعد کراچی میں قدم رکھنے والی سری لنکن ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز سے تاریخ رقم ہونا تھی لیکن خلاف معمول ہونے والی بارشوں نے شائقین، پی سی بی اور کرکٹرز سب کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔