ملزم کا رویہ انتہائی شرمنا ک ہے:اسلام آباد ہائیکورٹ کے نواز شریف سے متعلق ریمارکس

ملزم کا رویہ انتہائی شرمنا ک ہے:اسلام آباد ہائیکورٹ کے نواز شریف سے متعلق ریمارکس

اسلام آباد:برطانیہ میں مقیم نوازشریف نے ایک دفعہ پھر وارنٹ گرفتاری وصول کرنے سے انکار کردیا جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف کے رویہ کو انتہائی شرمناک قراردیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر کی جانب سے رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کی گئی کہ  لندن ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پر دوبارہ پاکستانی ہائی کمیشن کا نمائندہ وارنٹس کی تعمیل کے لیے گیا، ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پر موجود شخص نے وارنٹ گرفتاری وصول کرنے سے انکار کردیا ہے۔


جسٹس محسن اختر کیانی  نے ریمارکس میں کہا کہ نواز شریف کے ایک کیس کی وجہ سے کئی کیس التواء کا شکار ہیں ،ملزم کا انتہائی شرمناک رویہ ہے، ہزاروں کیس التواء ہیں اور یہاں نواز شریف کیس میں وقت ضائع کر رہے ہیں۔

عدالت کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ ہم لکھ سکتے ہیں ملزم نوازشریف کہیں روپوش ہوا ہے ؟  درخواست گزار نواز شریف تو پوری قوم سے خطاب کررہا ہے، ملزم  سارے سسٹم کو شکست دے کر گیا ہے،  ملزم وہاں بیٹھ کر پاکستان کے سسٹم پر ہنس رہا ہو گا۔


عدالت نے پاکستانی ہائی کمیشن کے قونصلر اتاشی راؤ عبدالحنان کا بیان ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا  جو کہ  ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کیا جائے گا۔
عدالت کی جانب سے مزید ریمارکس میں کہا گیا کہ وارنٹ گرفتاری پر حکومت آگے بڑھانا چاہتی ہے تو ان  کی  صوابدید ہے،ہم جو بھی کاروائی کررہے ہیں وہ دو اپیلوں پر ہوگی،ہم ایک اپیل پر کوئی کاروائی نہیں کررہے،اس  ایکسرسائز کا مقصد ہے کل کو ملزم واپس آئے تو یہ نہ کہے کہ اسے معلوم نہ تھا۔


عدالت نے کیس کی سماعت  7 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ نیب اپیل پر بھی نوٹس جاری کریں گے۔
خیال رہے کہ سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی تھی۔