آخری ٹی 20،نیوزی لینڈ ویمنز نے آسٹریلیا کو ہرادیا،سیریز کینگروزکے نام

آخری ٹی 20،نیوزی لینڈ ویمنز نے آسٹریلیا کو ہرادیا،سیریز کینگروزکے نام

برسبین :نیوزی لینڈ ویمنز نے سخت مقابلے کے بعد آسٹریلیا ویمن ٹیم کوتیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 5 وکٹوں سے ہرا دیا، تین میچوں کی سیریز 1-2 سے آسٹریلیا کے نام رہی۔

فاتح ٹیم نے 124 رنز کا ہدف 19ویں اوور کی تیسری گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، ایمیلیا کر نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ آسٹریلیا کی ایشلے گارڈنر سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ ایلن بارڈر فیلڈ، برسبین میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں نیوزی لینڈ ویمن ٹیم کی کپتان صوفی ڈیوائن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلوی ویمن ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اس نے مہمان ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 124 رنز کا ہدف دیا۔ میزبان ویمن ٹیم کی طرف سے ایشلے گارڈنر 29 کپتان میگ لیننگ 21 اور صوفی مولینیکس 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔

نیوزی لینڈ کی لیا طاہو اور ایمیلیا کر نے دو، دو جبکہ صوفی ڈیوائن، ہیلی جینسن اور میڈی گرین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں نیوزی لینڈ ویمن ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد مطلوبہ ہدف 19.3 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر پورا کیا، ایمی سٹرتھویٹ 30، کپتان صوفی ڈیوائن 25، وکٹ کیپر بلے باز کیٹی مارٹن نے 23 جبکہ ایمیلیا کر نے ناقابل شکست 18 رنز بناکر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ جارجیا وارہم نے 2 جبکہ جیس جانسن اور ڈیلیسا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یوں نیوزی لینڈ ویمن ٹیم نے آسٹریلیا ویمن ٹیم کو تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے بالآخر تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے ایک میچ میں فتح کا مزہ چکھ ہی لیا۔ تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز 1-2 سے آسٹریلیا ویمن ٹیم کے نام رہی۔ نیوزی لینڈ کی ایمیلیا کر میچ اور آسٹریلیا کی ایشلے گارڈنر سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔