سعودی عرب میں کتو ں کیلئے کیفے 

سعودی عرب میں کتو ں کیلئے کیفے 


ریاض:سعودی عرب میں کتوں کے لیے ایک ایسا کیفے کھولا گیا ہے جہاں مالکان اپنے پالتو جانوروں کے ساتھ کافی کا لطف اٹھا سکتے ہیں۔


تفصیلات کے مطابق اب سعودی عرب میں پالتو جانوروں کو کیفے لے جانے اور ان کے ساتھ کافی پینے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔سعودی عرب کے ساحلی شہر خوبر میں بارکنگ لاٹ نامی کیفے کھولا گیا ہے جہاں جانوروں سے محبت کرنے والے اپنے پالتو جانوروں کو ساتھ لا سکتے ہیں۔


کیفے کی مالکہ کا کہنا ہے انہیں سعودی عرب کے دورے کے دوران کتوں کے لیے کیفے کا خیال آیا کیونکہ جب میں آخری بار سعودیہ آئی تو مجھے اپنے کتے کے ساتھ ساحل سمندر پر چہل قدمی کی اجازت نہیں ملی تھی۔


یاد رہے کہ سعودی عرب میں عوامی مقامات پر پالتو کتوں کو لے جانے پابندی عائد تھی لیکن سعودی حکومت کی جانب سے تیل پر انحصار کم کرنے کی پالیسی کے تحت جہاں سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ خواتین کو تھیٹر، کھیلوں کے میدان اور ڈرائیونگ کی اجازت دی گئی وہیں دیگر سختیاں بھی کم کی جا رہی ہیں۔


اب سعودی عرب پوری دنیا کے سامنے اپنے ایک سافٹ امیج کے ساتھ سامنے آ رہا ہے اور اس کی وجہ عالمی مبصرین یہ بتا رہے ہیں کہ سعودی عرب سیاحوں کیلئے پرکشش اقدامات کر رہا ہے تاکہ اسے سیاحت سے ایک بڑا زر مبادلہ میسر آسکے۔