اقتصادی رابطہ کمیٹی میں گیس اور بجلی کے بلوں میں حیران کن اضافہ 

اقتصادی رابطہ کمیٹی میں گیس اور بجلی کے بلوں میں حیران کن اضافہ 

اسلام آ باد:اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)  نے پاکستان سٹیل ملز ملازمین کیلئے گولڈن ہینڈ شیک پلان کے لئے  19 ارب 65 کروڑ روپے فنڈز کی منظوری دے دی،ای سی سی نے گیس میٹرز کا رینٹ 20 سے بڑھا کر 40 روپے کر نے  اورفیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں بجلی 0.32 پیسے فی یونٹ کی منظوری بھی دیدی۔

بدھ کو  وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت  اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز ملازمین کیلئے گولڈن ہینڈ شیک پلان منظوری دی گئی،ای سی سی نے گولڈن ہینڈ شیک کیلئے 19 ارب 65 کروڑ روپے فنڈز کی منظوری دی،سٹیل ملز کے نان پیٹشنرزملازمین کو واجبات کی ادائیگی کیلئے 11.6 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔

 اجلاس کو آ گاہ کیا گیا کہ سٹیل ملز کے 3978 ریٹائرڈ ملازمین نان پیٹشنرزہیں، ای سی سی نے   ٹریڈنگ کار پوریشن آ ف پاکستان (ٹی سی پی) کیلئے چینی اور گندم کی درآمد پر کمیشن مارجن 2 فیصد سے کم کرکے 0.75 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا،ای سی سی کے ہر اجلاس میں گندم کی دستیابی اور فراہمی پر بریفنگ کی ہدایت کی،وزارت فوڈ سکیورٹی کو ہر اجلاس میں تازہ اپ ڈیٹس فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔

 اجلاس میں گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور کی منیجمنٹ کیلئے 126    پوسٹ قائم کرنے کے منصوبے کی منظوری دی گئی ۔پراجیکٹ منیجمنٹ یونٹ کیلئے کے تحت  منصوبے کو چلایا جاسکے گا، اجلاس میں  این ایچ اے کا قرضہ گرانٹ میں تبدیل کرنے کی منظوری  بھی دی گئی، پانچ برآمدی شعبوں کیلئے گیس / آر ایل این جی کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی ۔

 اس سے ایس ایس جی سی کے سسٹم پر پریشر کم ہوسکے گا،20 اکتوبر سے ہفتہ اور اتوار کو برآمدی شعبے کیلئے گیس 50 فیصد کم میسر آئے گی،برآمدی شعبے کیلئے فروری 2020ء  تک 930 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو نرخ پر گیس فراہم کی جائے گی، اجلاس میں  مقامی صارفین  اور تندور کے علاوہ کمرشل صارفین کیلئے گیس کی قیمت بڑھا دی،ای سی سی نے گیس میٹرز کا رینٹ 20 سے بڑھا کر 40 روپے کر نے کا فیصلہ کیا، صارفین سے گیس انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سیس کے پرانے واجبات بھی وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا،جے آئی ڈی سی کے ایک تہائی واجبات وصول کئے جائیں گے،ای سی سی نے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں بجلی 0.32 پیسے فی یونٹ کی منظوری بھی دیدی۔