بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی جاری، خاتون زخمی

بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی جاری، خاتون زخمی
کیپشن: بھارتی فائرنگ سے کھتر گاؤں میں 65 سال کی خاتون زخمی ہو گئی۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

راولپنڈی: بھارت کی بزدل فوج نے لائن آف کنٹرول کی ایک بار پھر کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بلا اشتعال فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہو گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے آبادی پر خود کار اور بھاری ہتھیاروں سے شدید گولہ باری کی۔ بھارتی فوج نے جان بوجھ کر جندروٹ سیکٹر میں آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فائرنگ سے کھتر گاؤں میں 65 سال کی خاتون زخمی ہو گئی۔

گزشتہ روز پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی ناظم الامور کو طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ ہندوستان بھاری ہتھیاروں سے سول آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے۔ بھارت  کی اشتعال انگیزی بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں ہیں۔

بھارتی فورسز کی کنٹرول لائن کے بروہ اور تندر سیکٹروں میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پندرہ سالہ لڑکا شہید اور چار شہری زخمی ہو گئے تھے۔ پاک فوج نے موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ان بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا جہاں سے فائرنگ کی گئی تھی۔ 

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارت سے بار بار مطالبہ کیا جاتا رہا ہے کہ وہ 2003ء کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے۔ تمام واقعات کی تحقیقات کرائے اور ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر امن بحال کرے۔