انوشکا شرما کی فلم کی شوٹنگ کے دوران حادثہ، ایک شخص ہلاک

انوشکا شرما کی فلم کی شوٹنگ کے دوران حادثہ، ایک شخص ہلاک

ممبئی: بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ انوشکا شرما اپنی نئی فلم ’پری‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جب کہ پروست روئے اس فلم کے ذریعے ہدایت کاری کے میدان میں قدم رکھ رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق آؤٹ ڈور شوٹنگ کے دوران ایک ٹیکنیشن تاروں سے ٹکرا گیا جس سے وہ شدید زخمی ہوا اور فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ واقعے کے بعد شوٹنگ عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ موت کرنٹ لگنے سے واقع ہوئی ہے مگر ہم واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے جس کی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے فلم انڈسٹری میں دوران شوٹنگ اداکاروں کے زخمی ہونے کی خبریں کوئی نئی بات نہیں جو اکثر خطرناک اسٹنٹ کرتے ہوئے یا ایکشن سین فلماتے ہوئے زخمی ہو جاتے ہیں اسی طرح دوران شوٹنگ فلم سے جڑے اکثر افراد کی اموات کے واقعات بھی سننے کو ملتے رہتے ہیں۔

حال ہی میں ساؤتھ فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار رجنی کانت کی فلم کی شوٹنگ کے دوران عملے کا ایک رکن کرنٹ لگنے سے ہلاک ہو گیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں