کراچی: طوفانی بارش نے قہر ڈھا دیا، مختلف حادثات میں 11 افراد جاں بحق

 کراچی: طوفانی بارش نے قہر ڈھا دیا، مختلف حادثات میں 11 افراد جاں بحق

کراچی: شہر قائد میں گزشتہ رات سے ہونے والی ابر رحمت شہریوں کے لئے زحمت بن گئی اور شہر کی کئی اہم سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں جب کہ کرنٹ لگنے اور مختلف واقعات میں 4 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔ بارش کے باعث لیاقت آباد، گرو مندر کے اطراف، صدر ، نیپا، صفورا چورنگی، ایم اے جناح روڈ اور اسٹیڈیم روڈ سمیت کئی اہم سڑکیں زیر آب آ گئیں۔ سڑکوں پر پانی کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے۔ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں خراب ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

 ریسکیو ذرائع کے مطابق لیاری کے علاقے ڈڈیال چوک اور انڈا موڑ پر کرنٹ لگنے کے واقعات میں 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے۔ کھارادر میں بارش کے باعث گلیاں زیر آب آنے سے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے جب کہ گھروں میں پانی بھر جانے سے قربانی کے جانور باندھنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ بفر زون سیکٹر 4 میں بارش کے باعث سڑکوں نے سیلابی صورت اختیار کر لی جہاں گلیاں مکمل طور پر زیر آب ہیں۔

بارش کے پانی کے باعث ناگن چورنگی مکمل زیر آب ہے جہاں بس، ٹرک اور متعدد گاڑیاں ڈوب گئیں۔ لیاری کے علاقے بہار کالونی میں بارش کا پانی سرکاری اسکول، ڈسپنسری اور میڈیکل سینٹر میں داخل ہو گیا جب کہ راشن کی دکانوں میں پانی داخل ہونے سے سامان خراب ہو گیا۔  لیاقت آباد انڈر پاس میں پانی بھر گیا جس کے بعد اسے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔ ماڑی پور اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ ایس ایس پی کیماڑی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہاکس بے روڈ اور ساحل کی طرف نہ جائیں۔

ٹریفک پولیس نے بارش کے پانی میں گاڑی بند ہونے سے متاثرہ افراد کے لئے نمبر جاری کر دیا جب کہ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکار عوام کی مدد کے لئے شاہراہوں پر موجود ہیں اور بارش کے پانی میں گاڑی بند ہونے کی صورت میں شہری 1915 پر کال کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق نارتھ کراچی میں سب سے زیادہ 130 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ ناظم آباد میں 122، گلستان جوہر اور مسرور بیس پر 37 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گلشن حدید میں 26.2، پہلوان گوٹھ کے قریب 16، ایئرپورٹ کے قریب 25 ملی میٹر اور پی اے ایف فیصل بیس کے قریب 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاست گجرات سے آنے والا مون سون کا نیا سسٹم کراچی پہنچ چکا ہے جس کے بعد جمعے کو بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں