احتساب مارچ ملک سے کرپشن مافیا کے احتساب کے لیے سنگ میل ثابت ہو گا، سینیٹر سراج الحق

احتساب مارچ ملک سے کرپشن مافیا کے احتساب کے لیے سنگ میل ثابت ہو گا، سینیٹر سراج الحق

لاہور:  امیر  جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے  کہاہے کہ 11 ستمبر کا احتساب مارچ ملک سے کرپشن کے خاتمہ اور کرپٹ مافیا کے احتساب کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ جب تک کرپٹ حکمرانوں کو پکڑ کر ان سے لوٹی گئی قومی دولت واپس نہیں لے لیتے ، چوروں اور لٹیروں کا پیچھا کرتے رہیں گے ۔ نیب معاشی دہشتگردوں کو پکڑنے کی بجائے ان کا سہولت کار بنارہاہے ۔ جب تک احتساب عدالتیں اپنا فرض پورا نہیں کرتیں ، لوٹ کھسوٹ کا یہ نظام مسلط رہے گا۔

11 ستمبر کے احتساب مارچ کی تیاریوں کے سلسلہ میں منصورہ میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا  کہ احتساب مارچ کرپشن فری پاکستان تحریک کو مہمیز دے گا ۔ مارچ میں لاہور سے راولپنڈی تک ہزاروں لوگ شریک ہوں گے۔ ہم کرپشن میں ملوث بااثر افراد کو پکڑنے اور قومی دولت واپس لینے کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔

انہوں نے کہا  کہ ایک طرف غریب مہنگائی ، بے روزگاری اور تعلیم و صحت کی بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے پریشان ہے اور دوسری طرف غریب کے ٹیکسوں اور بلوں سے اکٹھی ہونے والی رقم کو لوٹ کر کرپشن کے محل کھڑے کرنے والے آئینی اداروں کا مذاق اڑا رہے ہیں اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ۔ احتساب کے ادارے مجرموں کو پکڑنے اور ان سے کرپشن کا پیسہ واپس لینے میں کوئی دلچسپی لینے کے بجائے ان کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں ۔ پلی بارگیننگ کے نام پر اربوں روپے لوٹنے والوں سے چند کروڑ لے کر انہیں سات خون معاف کردیے جاتے ہیں جس کا انہیں اختیار ہی نہیں ۔قبل ازیں احتساب مارچ کی تنظیمی کمیٹیوں کے ذمہ داران نے مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے مکمل رپورٹ پیش کی ۔ احتساب مارچ 11 ستمبر کو صبح 10 بجے داتا دربار لاہور سے شروع ہوگا اور شام تک راولپنڈی پہنچ جائے گا راستے میں جگہ جگہ سراج الحق اور ان کے قافلے کے شرکاء کا فقید المثال استقبال کیا جائے گا ۔

سینیٹر سراج الحق احتساب مارچ کے راستے کے بڑے شہروں گوجرانوالہ ، گجرات ، کھاریاں ، وزیر آباد ، لالہ موسیٰ ، جہلم ، گوجر خان میں استقبالی جلسوں سے خطاب کریں گے ۔اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، قائم مقام سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی حافظ ساجد انور، امیر العظیم ، سید وقاص جعفری، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد ، بلال قدرت بٹ ، مولانا جاوید قصوری ، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے شرکت کی۔

مصنف کے بارے میں