'کراچی جیسے اہم شہر میں بعض بنیادی سہولتوں کا فقدان لمحہ فکریہ ہے'

'کراچی جیسے اہم شہر میں بعض بنیادی سہولتوں کا فقدان لمحہ فکریہ ہے'
کیپشن: وزیراعظم اور ایم کیو ایم رہنماؤں کے دوران سیاسی امور اور صدارتی انتخاب سمیت سندھ کے مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔۔۔فوٹو/ پی ایم ہاؤس

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی جیسے اہم شہر میں بعض بنیادی سہولتوں کا فقدان لمحہ فکریہ ہے لہٰذا شہر کے عوام کے مسائل سے متعلق علم ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے وزیراعظم ہاؤس میں اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے ملاقات کی جن میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی اور وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کے علاوہ امین الحق، کنور نوید، نسرین جلیل اور میئر کراچی وسیم اختر بھی شامل تھے جب کہ ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق اور گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

وزیراعظم اور ایم کیو ایم رہنماؤں کی ملاقات کے دوران سیاسی امور اور صدارتی انتخاب سمیت سندھ کے مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایم کیو ایم کے وفد کو کراچی اور حیدر آباد کے مسائل حل کرانے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے وفد نے وزیراعظم کو صدارتی انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار عارف علوی کی حمایت کا بھی یقین دلایا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی ون آن ون ملاقات کی جس میں انہوں نے حکومت کی جانب سے اعتماد کا اظہار اور اہم ذمہ داری دینے پر شکریہ ادا کیا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم اور گورنر سندھ کی ملاقات میں سندھ اور خصوصاً کراچی کی موجودہ صورتحال اور عوامی مسائل پر گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھاکہ شہر قائد کے عوام کے مسائل سے متعلق علم ہے۔ کراچی جیسے اہم شہرمیں بعض مقامات پر بنیادی سہولتوں کا فقدان لمحہ فکریہ ہے اور ملکی معیشت کی ترقی و استحکام میں کراچی کا کردار کلیدی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی فضا کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ حکومت عوام کو درپیش مسائل کے مستقل حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔