سمندر پار پاکستانیوں کے لئے آن لائن ووٹنگ کا طریقہ کار جاری

 سمندر پار پاکستانیوں کے لئے آن لائن ووٹنگ کا طریقہ کار جاری
کیپشن: فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سمندر پار پاکستانیوں کے لئے آن لائن ووٹنگ کا طریقہ کار جاری کر دیاہے جبکہ 15ستمبر تک ضمنی انتخابات کے متعلقہ الیکٹورل رول میں پہلے سے اندراج شدہ سمندر پار پاکستانی اپنے آپ کو آن لائن ووٹنگ کے لئے رجسٹر کرواسکیں گے۔جمعرات کو ترجمان الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ضمنی انتخابات میں سمندر پار پاکستانی حق رائے بذریعہ انٹرنیٹ ووٹنگ (آئی ووٹنگ )استعمال کر سکیں گے .

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نادرا کی تکنیکی معاونت سے ایک انٹرنیٹ ووٹنگ سسٹم تیار کیا ہے ، ایسے سمندر پار پاکستانی جن کا تعلق ان انتخابی حلقہ جات سے ہے جہاں ضمنی انتخابات منعقد ہورہے ہیں (آئی ووٹنگ ) کے ذریعے14اکتوبر2018کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8بجے تا شام 5بجے تک اپنا ووٹ آن لائن ڈال سکیں گے ، آن لائن ووٹنگ کے طریقہ کے مطابق www.overseasvoiting.gov.pk پر جا کر اپنی ضروری معلومات بشمول نام نائیکوپ کا نمبر، ای میل ایڈریس، سمندر پار رہائشی ملک کا نام اور موبائل نمبر وغیرہ درج کیا جائے گا اور سکرین پر دی گئی ہدایات پر عمل کیا جائے گا جس کے بعد سائن اپ کے بٹن پر کلک کر نا ہو گا . آن لائن ووٹنگ سسٹم کے ذریعے مہیا کردہ ای میل ایڈریس پر ایک پن کوڈ موصول ہوگا جس کے ذریعے ووٹر تکمیل اکاﺅنٹ کی تصدیقی ای میل پر کلک کرے گا ۔

اکاﺅنٹ کی تصدیق کےلئے ووٹر اپنا ای میل ایڈریس اور موصول شدہ پن کوڈ درج کرے گا اور تصدیق کے بٹن کو کلک کرے گا جس کے بعد ووٹر کو تصدیق کا تکمیلی پیغام موصول ہو گا ۔ انٹرنیٹ ووٹنگ سسٹم میں لاگ ان کرتے ہوئے ووٹر اپنا ای میل اور پاس ورڈ درج کرے گا ۔ انٹرنیٹ ووٹنگ سسٹم میں رجسٹریشن کی اہلیت کے تعین کےلئے سکرین پر موجود ضروری معلومات دیے گئے باکس میں درج کرے گا ۔ انٹرنیٹ ووٹنگ سسٹم ووٹر سے تصدیق کےلئے چند سوالات پوچھے گا ۔

درست جوابات کی صورت میں ووٹر کو آن لائن ووٹنگ کےلئے درج کر لیا جائے گا ۔ تصدیقی ای میل سے ووٹر کو آگاہ کردیا جائے گا ۔ ووٹر انٹرنیٹ ووٹنگ سسٹم کے خود کار نظام کے تحت پولنگ کے دن سے قبل مناسب وقت پر مہیا کردہ ای میل ایڈریس پر ”ووٹر پاس “ موصول کرے گا ۔ انتخابات کے دن پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق پولنگ کے اوقات صبح8بجے تا شام 5بجے کے دوران ووٹر اپنا اکاﺅنٹ استعمال کرتے ہوئے ”لاگ ان “کرے گا اور ”ووٹ ڈالئے “کے بٹن کو دبائے گا ۔

”ووٹ ڈالئے“کے بٹن کو دبانے کے بعد مہیا کردہ ووٹر پاس اورنائیکوپ نمبر کے ذریعے اپنی متعلقہ قومی یا صوبائی اسمبلی کے حلقہ نمبر پر کلک کرے گا جس کے بعد الیکٹرانک بیلٹ پیپر سکرین پر نمودار ہوگا ۔ ووٹر اپنی پسند کے امیدوار کے نام کے بٹن کو دبائے گا اور اس کے بعد کنفرم پر کلک کرے گا ۔ 15ستمبرکی رات12بجے تک ضمنی انتخابات کے متعلقہ الیکٹورل رول میں پہلے سے اندراج شدہ سمندر پار پاکستانی اپنے آپ کو آن لائن ووٹنگ کے لئے رجسٹر کرواسکیں گے ۔