جاوید میانداد نے کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف تلوار اٹھالی

جاوید میانداد نے کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف تلوار اٹھالی
کیپشن: image by facebook

کراچی:  سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میاں داد مودی سرکار کے خلاف تلوار لے کر میدان میں آگئے۔

کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی جانے والی ریلی میں شریک جاوید میاں داد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی نے الیکشن جیت کر مسلمانوں کو تلوار دکھائی تھی، میں آج مودی کو تلوار دکھاتا ہوں۔

جاوید میاں داد نے للکارتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے بلے کے ساتھ تلوار چلانا بھی جانتا ہوں، کرکٹ کے بلے سے چھکا مارا، اب تلوار چلے گی، بلا بھی تیز تھا، تلوار بھی تیز ہے۔ جاوید میاں داد نے کہا کہ کشمیری بھائی فکر نہ کریں ، ہم ان کے ساتھ ہیں، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں، کشمیر پاکستان بن کر رہے گا۔

دوسری طرف نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں کشمیر آور منایا گیا اور قذافی سٹیڈیم میں بھی تقریب ہوئی، سٹیڈیم سے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالی گئی، جس میں احسان مانی، عدنان ارشد اولکھ سمیت آفیشلز اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ سپورٹس بورڈ پنجاب میں بھی یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا گیا۔