مصباح الحق کو ہیڈ کوچ بنانے کا فیصلہ قبل از وقت ہوگا، ثقلین مشتاق

مصباح الحق کو ہیڈ کوچ بنانے کا فیصلہ قبل از وقت ہوگا، ثقلین مشتاق

اسلام آباد:پاکستان کے سابق سپنر ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ مصباح الحق کو ہیڈ کوچ بنانے کا فیصلہ قبل از وقت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ بنانے سے قبل مصباح الحق پاکستان کرکٹ بورڈ میں کوئی اور عہدہ دینا چاہیے کیوں کہ ان کے تجربے سے نوجوان کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔پاکستان کی طرف سے 49 ٹیسٹ اور 169 ون ڈے کھیلنے والے ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ ہیڈ کوچ کی حیثیت سے مصباح کا کوئی تجربہ نہیں اور انہیں یہ عہدہ دینا بچکانہ فیصلہ ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ مصباح نے ایمانداری اور خلوص سے قوم کی خدمت کی لیکن میرا خیال ہے کہ اس عہدے کے لیے وہ ابھی غیر موزوں ہیں۔سابق اسپنر نے کہا کہ اگر بیٹسمین ایک یا دو سال کا تجربہ حاصل کر لیں تو یہ ان کے لیے زیادہ سود مند ثابت ہو گا۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز ہیڈ کوچ کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کر لیے ہیں۔سابق ٹیسٹ کرکٹر مصباح الحق، محسن حسن خان اور ڈین جونز نے اس عہدے کے لیے انٹرویوز دئیے ۔

ثقلین مشتاق نے کہا کہ اگر مصباح الحق کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کوئی عہدہ دیا جائے تو نوجوان کھلاڑیوں کو اس سے بہت فائدہ ہوگا۔