مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے متنازعہ تسلیم کیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

 مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے متنازعہ تسلیم کیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
کیپشن: Image Source: Shah Mehmood Twitter Account

عمر کوٹ: شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مودی نے مقبوضہ کشمیر میں عوام کی آزادی سلب کرلی ، آج کا بھارت نہرو اور گاندھی کے فلسفے کی نفی کر رہا ہے، بھارت میں آر ایس ایس کی سوچ غالب آچکی ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عمر کوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا میں  عمر کوٹ میں ہندوؤں کے سامنے کھڑا ہوں جبکہ مودی کی جانب سے عید کے دن کشمیر کے مسلمانوں پر عید گاہ کے دروازے بند کر دیئے گئے اور جمعہ کو مقبوضہ کشمیر میں مسجدوں کو بند کر دیا جاتا ہے ۔

 

انہوں نے کہا کہ  مودی تم سری نگر میں مسلمانوں کے سامنے کھڑے نہیں ہوسکتے، آج مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور پابندیوں کا 27 واں روزہے، مودی نے سکول کھولنے کا ڈھونگ رچایا جو بری طرح ناکام ہو گیا۔  مودی نے بھارت کی منتخب قیادت کو بھی مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے نہیں دیا۔

 

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں عوام کی آزادی سلب کرلی گئی، آج کا بھارت نہرو اور گاندھی کے فلسفے کی نفی کر رہا ہے، آج بھارت میں آر ایس ایس کی سوچ غالب آچکی ہے، مقبوضہ کشمیر میں عالمی میڈیا کو داخلے کی اجازت نہیں ہے۔

 

 شاہ محمود نے مزید کہا مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے متنازعہ تسلیم کیا، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق نکلنا چاہیے۔  ہیومن رائٹس کا کوئی نمائندہ آزاد کشمیر آنا چاہے آسکتا ہے، کسی کو اقلیتی برادری کے حقوق پامال نہیں کرنے دیں گے۔