وزیراعظم کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ

وزیراعظم کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ
کیپشن: موجودہ حالات میں عوام پر بوجھ نہیں ڈالا جا سکتا، وزیراعظم۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے بعد وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی ہے اور کہا ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں بارش سے عوام پہلے ہی پریشان ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کر سکتے۔

وزیراعظم کی ہدایت کے بعد حکومت نے ستمبر کے مہینے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت خزنہ کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق ستمبر کے مہینے میں میں پیٹرول کی موجودہ فی لیٹر قیمت 103 روپے 97 پیسے، ڈیزل کی قیمت 106 روپے 46 پیسے، مٹی کا تیل 65 روپے 29 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 62 روپے 86 پیسے برقر ار رہے گی۔

خیال رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 9.71 اور ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 9.50 روپے ‏فی لیٹر اضافے کی سفارش کی تھی۔

خیال رہے کہ ملک میں نئے قواعد و ضوابط کے تحت پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین 15 دن کیلئے کیا جاتا ہے۔