جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکا، سپاہی واجد اللہ شہید

جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکا، سپاہی واجد اللہ شہید
کیپشن: جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکا، سپاہی واجد اللہ شہید
سورس: فائل فوٹو

راولپنڈی: جنوبی وزیرستان کے ضلع عثمان منزہ میں بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں سپاہی واجد اللہ شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے ضلع عثمان منزہ میں سکیورٹی  فورسز کی جانب سے ایریا کلیئرنس کے دوران یہ دھماکا ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں سپاہی واجد اللہ شہید ہو گئے۔ دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے سکورٹی فورسز نے  علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔ 

گزشتہ روز دہشت گردوں نے افغان علاقے سے پاکستانی چوکی کو نشانہ بنایا۔ پاک فوج نے دہشت گردوں کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا۔ 

پاک فوج کی کارروائی میں تین دہشت گرد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ہیں جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 اہلکار شہید ہوئے۔ پاکستان نے افغان سرزمین دہشت گرد حملے کے لیے استعمال ہونے پر شدید احتجاج کیا ہے۔

28 اگست کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔ پاک فوج کے اہلکاروں کے پہنچتے ہی دہشت گردوں نے فورس پر فائرنگ کی، جس پر اہلکاروں نے بھرپور مقابلہ کیا اور جوابی فائرنگ کی۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا اور باقی دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ 

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے زیراستعمال ہتھیار اور گولیاں بڑی تعداد میں برآمد کی گئیں ہیں۔

یاد رہے کہ بائیس اگست کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا، جس کے قبضے سے ہتھیار اور گولیاں برآمد ہوئیں۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد کے ساتھیوں کی تلاش اور موجودگی کو مدنظر رکھتے ہوئے علاقے میں کئی گھنٹے طویل آپریشن کیا تھا۔ اس سے قبل 17 اور 18 اگست کی درمیانی شب جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں نے فوجی چوکی پر فائرنگ کی تھی، فائرنگ کے نتیجے میں نائب صوبیدار سونے زئی شہید ہوگئے تھے اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد بھی ہلاک ہو گیا تھا۔